اسلام آباد(25 ستمبر 2026): تحریک انصاف کے متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر حکومت نے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے متوقع لانگ مارچ کے حوالے سے ایک اہم اور اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے تناظر میں انتظامی، قانونی اور سیاسی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ بات چیت کا آپشن بھی زیر غور آیا اور جماعت اسلامی کی طرز پر پی ٹی آئی سے بھی مذاکرات کا راستہ کھلا رکھنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں لانگ مارچ کو روکنے سے متعلق انتظامی اور سیکیورٹی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا، جبکہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے تناظر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بندش پر بھی بحث ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی درخواست کا جائزہ لیا گیا، تاہم فی الحال اسلام آباد میں انٹرنیٹ سروس فوری طور پر بند نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
حکام کا ماننا ہے کہ لانگ مارچ کے آغاز سے پہلے موبائل سروسز کی بندش سے عام عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس سلسلے میں پی ٹی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزارت داخلہ کی ہدایات ملنے تک انٹرنیٹ بندش پر کوئی اقدام نہ کرے اور وزارت داخلہ کے آئندہ احکامات کا انتظار کیا جائے۔
اجلاس کے آخر میں ملک کی مجموعی داخلی صورتحال کا جائزہ لینے کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

