کراچی : کے الیکٹرک نے ملٹی ایئر ٹیرف پر منفی اثرات کا خدشہ ظاہر کردیا گیا تاہم نیپرا اپیلیٹ ٹریبونل کے تحریری حکم نامے کی منتظر ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ نیپرا کے 20 اکتوبر 2025 کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلوں کے معاملے میں نیپرا نے اپیلیٹ ٹریبونل کے حکم کی روشنی میں مذکورہ فیصلوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
اپیلیٹ ٹریبونل کا تحریری حکم نامہ تاحال کمپنی کو باضابطہ طور پر موصول نہیں ہوا، تاہم بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ٹریبونل نے کے الیکٹرک کے وکیل کے دلائل اور مؤقف پر غور نہیں کیا۔
جس کے بعد مالی سال 2024 سے 2030 کی کنٹرول مدت کے لیے کمپنی کے ملٹی ایئر ٹیرف پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ موجودہ پیش رفت کے نتیجے میں ملٹی ایئر ٹیرف کے تحت کمپنی کی مالی قابلِ عملیت متاثر ہوگی۔
کے ای نے کہا ہے کہ وہ نیپرا اپیلیٹ ٹریبونل کے تحریری حکم نامے کی منتظر ہے، حکم موصول ہونے کے بعد دستیاب قانونی راستے اختیار کرنے پر غور کیا جائے گا۔

