لاہور : ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمی خانم اور نورین نیازی کی نظر بندی کا نوٹیفیکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹٰی آئی عمران خان کی بہنوں ڈاکٹر عظمیٰ خانم اور نورین نیازی کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔
جسٹس عبہر گل خان نے درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے رانا مدثر عمر پیش ہوئے اور عدالت سے نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا کی۔
وکیل رانا مدثر عمر نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں گھریلو خواتین ہیں، جبکہ ڈاکٹر عظمیٰ خانم مقدمے میں بے قصور قرار دی جاچکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی درخواست کے ساتھ موجود ہے۔
عدالت نے نظر بندی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی اور ریمارکس دیے کہ متعلقہ فریقین سے رپورٹ منگوا لیتے ہیں۔
عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور قرار دیا کہ فریقین کا مؤقف سامنے آنے کے بعد نظر بندی کے نوٹیفکیشن کی معطلی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

