کراچی(23 ستمبر 2026): اپیلٹ ٹریبونل میں کے الیکٹرک کے طویل عرصے سے زیر التوا ٹیرف کیس کا فیصلہ آج صبح 11 بجے سنائے جانے کا قوی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپیلٹ ٹریبونل کی 23 ستمبر کی کاز لسٹ میں کے الیکٹرک کا کیس شامل کر لیا گیا ہے، اور 11 ماہ کے طویل انتظار کے بعد آنے والا یہ فیصلہ ادارے کے مستقبل کے ٹیرف اور مالی صورتحال پر انتہائی اہم اثرات مرتب کرے گا۔
ذرائع کے مطابق اپیلٹ ٹریبونل میں کے الیکٹرک اور نیپرا سے متعلق متعدد کیسز پر بھی آج فیصلے سنائے جانے کا امکان ہے۔ اگر فیصلہ کے الیکٹرک کے حق میں آتا ہے تو ٹیرف کا معاملہ دوبارہ نیپرا کو بھیجے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد نیپرا اس ٹیرف کا از سر نو جائزہ لے سکتا ہے۔
دوسری جانب، کے الیکٹرک کے خلاف فیصلہ آنے کی صورت میں موجودہ ٹیرف ہی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ٹیرف کیس کا فیصلہ طویل عرصہ تک نہ ہونے کی وجہ سے کے الیکٹرک کو شدید مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیرف میں اس تاخیر کے باعث بینکوں نے بھی کے الیکٹرک کی نئی فنانسنگ روک دی ہے، جبکہ موجودہ ٹیرف کے تحت کے الیکٹرک کی جانب سے 2024 میں 80 ارب روپے سے زائد کے سالانہ نقصان کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

