کراچی : ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی نے کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت اور مؤثر اسکریننگ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کیا اور امیگریشن آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ دورے کے دوران ڈائریکٹر نے امیگریشن کاؤنٹرز اور دیگر متعلقہ مقامات پر جاری کارروائیوں کا مشاہدہ کیا اور مسافروں کی امیگریشن کلیئرنس کے عمل کو پرکھا۔
منتظر مہدی نے امیگریشن افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مسافروں کی آسانی، مؤثر اسکریننگ اور تمام قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے تاکید کی کہ مشکوک سفری دستاویزات، انسانی اسمگلنگ، اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے کڑی نگرانی اور جانچ پڑتال کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے ہدایت کی کہ تمام تر جانچ پڑتال کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ حقیقی اور عام مسافروں کو کسی قسم کی بلاوجہ دشواری یا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انھوں نے اسٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے تمام اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں مکمل پیشہ ورانہ صلاحیت، شفافیت اور مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ ادا کرنے کی ہدایت کی۔
