پی سی بی سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے رواں سال کے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز کل 19 ستمبر سے ہوگا، افتتاحی میچ میں بیکن ہاؤس اور ایچی سن کالج کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ قذافی سٹیڈیم میں دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔
افتتاحی میچ کے اختتام پر خصوصی میوزیکل کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے۔ اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہوگا جبکہ شائقین کے لیے لکی ڈراز بھی نکالے جائیں گے۔ افتتاحی میچ اور میوزیکل کنسرٹ میں شرکت کے لیے شائقین کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا۔
پی سی بی کی جانب سے رواں سال سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر سکول کرکٹ پروگرام کو ملک بھر تک پھیلایا گیا ہے، جس کے تحت 100 اضلاع کے 1004 سکولوں سے 21 ہزار سے زائد طلبہ حصہ لیں گے۔
پروگرام کے تحت رواں سال مجموعی طور پر 2 ہزار 895 میچز کھیلے جائیں گے۔

