چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ہدایت پر اسٹریٹ موومنٹ چلانے کی ذمہ داری سہیل آفریدی کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ انصاف کی راہ میں رکاوٹیں ختم کی جائیں، احتجاج میں راستے بند نہیں کریں گے، ہمارے احتجاج میں ایمبولینس، میت گاڑیوں سمیت سب کا راستہ کھلا رہے گا، ہم صرف انصاف کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج پر امن اور سیاسی ہوگا، انتشار نہیں ہوگا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سیاسی کشیدگی بڑھی تو اس کا نقصان عوام سمیت سب کا ہوگا، تھرڈ فورس آنے سے پہلے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنا ہوگا، سب سے پہلے پاکستان اور امن و امان کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔
یہ پڑھیں: انصاف مارچ ملتوی کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ فیصلے سے امید ہے عمران خان کوعلاج، ٹیسٹ کیلئے اسپتال منتقل کیا جائے گا اور ان کے میڈیکل بورڈ میں ان کے خاندان کے فرد کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے علاج اور میڈیکل بورڈ سے متعلق معاملہ سادہ طریقے سے حل ہوسکتا تھا، اگر علاج کا معاملہ حل ہوجائے تو 15 ماہ سے جاری تشویش ختم ہوسکتی ہے۔
