جڑانوالہ : گھریلو ناچاقی پر خاتون نے چھریوں کے وار کرکے شوہر کو قتل کر ڈالا جبکہ 3 کمسن بیٹیاں بھی شدید زخمی ہوئیں۔
جڑانوالہ کے علاقے شہرآونہ میں گھریلو جھگڑے کے دوران ایک افسوسناک اور خوفناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے چھریوں کے وار کر کے اپنے شوہر کو قتل کر دیا جبکہ اپنی تین کمسن بیٹیوں کو بھی شدید زخمی کر دیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزمہ گلشن بی بی کا اپنے شوہر خالد سے گھریلو بات پر جھگڑا ہوا، جس پر اشتعال میں آکر اس نے چھری سے شوہر کے گلے اور پیٹ پر پے در پے وار کیے، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
اس دوران ملزمہ نے اپنی تین کمسن بیٹیوں 10 سالہ انیقہ، 8 سالہ عنایہ اور 4 سالہ عائزہ پر بھی چھری سے حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمہ کو حراست میں لے لیا اور لاش کے ساتھ تمام زخمی بچیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔
طبی امداد کے بعد اسپتال انتظامیہ اور پولیس کا کہنا ہے کہ تمام بچیوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
