اسلام آباد : سیکرٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو سیکرٹری صحت کا اضافی چارج دے دیا گیا ، وہ تین ماہ یا مستقل سیکریٹری صحت کی تعیناتی تک اضافی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق فاقی حکومت نے کیپٹن (ر) محمد محمود سے سیکریٹری وزارتِ قومی صحت کا عارضی چارج واپس لے لیا، جبکہ گریڈ 22 کے افسر ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو سیکریٹری نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن کا اضافی چارج سونپ دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ڈاکٹر فخر عالم عرفان فوری طور پر تین ماہ یا مستقل سیکریٹری صحت کی تعیناتی تک اضافی ذمہ داریاں انجام دیں گے، ڈاکٹر فخر عالم عرفان اس وقت سیکریٹری پاور ڈویژن کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کیپٹن (ر) محمد محمود کو سیکریٹری صحت کا اضافی چارج دیا گیا تھا، اس سے قبل اسلم غوری کو پی آئی ایم ایس میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد 120 روز کے لیے معطل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے افسران کے تقرر و تبادلوں سے متعلق مزید نوٹیفکیشن بھی جاری کردیے ہیں۔
ڈپٹی سیکریٹری ناصر عزیز خان کا وزارتِ مذہبی امور سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تبادلہ کردیا گیا، جبکہ تقرری کے منتظر ناطق حسین شاہ کی خدمات ڈپٹی سیکریٹری دفاع ڈویژن کے سپرد کردی گئیں۔
ڈپٹی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ نسیم احمد خان 2 مارچ 2027 کو ریٹائر ہوں گے۔
ایڈمن منیجر پی بی سی کاشف زبیر کی خدمات بلوچستان حکومت کے سپرد کردی گئیں، جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کے اسد علی خان کی گریڈ 20 میں ترقی منسوخ کردی گئی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق اسد علی خان کی گریڈ 20 میں ترقی کا 24 جون 2025 کا نوٹیفکیشن منسوخ کیا گیا، ترقی ایک سال کے اندر ایکچوئلائز نہ ہونے پر واپس لی گئی۔

