کراچی: ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے غیر قانونی طور پر بارڈر پار کر کے بیرون ملک جانے والے 7 مسافروں کو وطن واپسی پر گرفتار کر لیا۔
ملتان زون کے ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار مسافروں کو غیر قانونی قیام اور بارڈر پار کرنے پر ملائیشیا، عراق اور دیگر ممالک سے ڈیپورٹ کیا گیا ہے، مسافر فلائٹ نمبر G9558 کے ذریعے ملتان ایئرپورٹ پہنچے۔
مسافروں میں حیدر عباس، اقتدار حسین، حسن علی، علی بخش، ثناء اللہ، محمد ادریس اور عرفان احمد شامل ہیں، جن کا تعلق ملتان، کرم اور دیگر مختلف علاقوں سے ہے۔
امیگریشن کلیئرنس کے دوران گرفتار مسافروں کا بیرون ملک جانے کے حوالے سے کسی قسم کا سفری ریکارڈ سسٹم میں موجود نہ تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر غیر قانونی طریقے سے بارڈر پار کر کے بیرون ملک گئے تھے، ایجنٹوں نے ملازمت کا جھانسہ دے کر مسافروں کو بیرون ملک بھجوانے کا انتظام کیا تھا۔
ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے ٹریول ایجنٹ اور غیر قانونی ہجرت میں سہولت کاری کرنے والے نیٹ ورک کی تحقیقات کے لیے معاملہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کو بھجوا دیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے والے افراد اور سہولت کاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

