کراچی: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی کرایوں میں مزید 5 فی صد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا ’’ہم گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید 5 فی صد اضافے کا اعلان کرتے ہیں، اور ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔‘‘
ملک شہزاد اعوان نے کہا 4 روزمیں ڈیزل 20 روپے، پٹرول 24 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا، 20 اگست سے 7 ستمبر تک ڈیزل، پٹرول 23 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا، پٹرولیم قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔
ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا ہے کہ وزیر پٹرولیم نے روزانہ قیمتیں تبدیل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، حکومتی یقین دہانیوں پر ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی گئی تھی، وفاقی، صوبائی حکومتوں کا 40 روز کا وقت اگلے ہفتے ختم ہو رہا ہے، اگر معاہدوں پر عمل درآمد نہ ہوا تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ مجبوری ہے تو ود ہولڈنگ، ٹول سمیت دیگر ٹیکسز میں ریلیف دیا جائے۔

