فیصل آباد(9 ستمبر 2026): تین روز پرانا باسی کھانا کھانے کے نتیجے میں ایک گیارہ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے ڈجکوٹ کے نواحی علاقے چک 659 میں تین روز پرانا باسی کھانا کھانے کے نتیجے میں ایک گیارہ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی ہے، جبکہ اس کی والدہ اور تین چھوٹی بہنوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق محنت کش عمران کے اہلخانہ نے بدھ کے روز گھر میں رکھا ہوا کھانا کھایا تھا، جو کہ مبینہ طور پر تین روز قبل کسی محفل سے لنگر کے طور پر آیا تھا۔ کھانا کھانے کے فوراً بعد تمام افراد کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
عمران کی چالیس سالہ بیوی سعدیہ اور چار بیٹیوں، جن میں گیارہ سالہ اسماء، آٹھ سالہ نور فاطمہ، پانچ سالہ عائشہ اور تین سالہ عدن شامل ہیں، کو ابتدائی طور پر رورل ہیلتھ سینٹر ڈجکوٹ منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی، تاہم گیارہ سالہ اسماء جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ گئی۔
متاثرہ خاندان کی بگڑتی ہوئی حالت کے پیش نظر ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق بچی کی والدہ اور تینوں چھوٹی بہنوں کو فوری طور پر سول اسپتال سمندری منتقل کر دیا ہے، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

