کراچی انتظامیہ کے زیر اہتمام 5 روزہ دفاعِ پاکستان انٹر کالجیٹ لائیو پینٹنگ مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں شہر کے 28 کالجز کے طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔
کمشنر کراچی کے مطابق 5 روزہ دفاعِ پاکستان انٹر کالجیٹ لائیو پینٹنگ مقابلوں کا مقصد شہدائے دفاعِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ ان مقابلوں کا فائنل 11 ستمبر کو آرٹس کونسل میں ہوگا، اور فائنل میں 50 طلبہ کے درمیان لائیو پینٹنگ کا مقابلہ ہوگا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے پی ای سی ایچ ایس کالج کا دورہ کیا اور مصوری کے مقابلے کا معائنہ کیا، انھوں نے کہا کہ دفاعِ پاکستان مصوری مقابلوں سے نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار ہوگا۔ پاک افواج کی دشمن کے خلاف تاریخی کامیابی اور عظیم قربانیوں کی یادوں کو مصوری کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا۔
فائنل کے بعد تمام پینٹنگز کی نمائش کی جائے گی اور انھیں کراچی آرٹس کونسل میں محفوظ کیا جائے گا۔





