کراچی(8 ستمبر 2026): ایم اے جناح روڈ پر واقع کے ایم سی بلڈنگ میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قابو پا لیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق عمارت میں لگنے والی آگ کے ایم سی بلڈنگ کے کچن میں لگی تھی، جس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے حصہ لیا اور میئر آفس میں لگی آگ کو کامیابی سے بجھا دیا۔
کے ایم سی ذرائع کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں میئر آفس شدید متاثر ہوا ہے، جہاں اندر رکھا ہوا قیمتی فرنیچر، ایل ای ڈی سکرین اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی 2 فیکٹریوں میں لگی آگ پر 16 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا جس کے بعد فیکٹری کی کولنگ کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے میں دو سے تین دن کا وقت لگے گا تاہم فیکٹری میں کپڑوں کی بڑی گانٹھیں ہیں جس میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھتی ہے۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق گزشتہ روز آگ بجھانے کے دوران فیکٹری کا ایک حصہ منہدم ہوگیا تھا، فیکٹری میں آگ لگنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

