ملتان(8 ستمبر 2026): ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سفر اور جعلی ویزے پر بیرونِ ملک جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو حراست میں لے لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں محمد احمد اور محمد محسن شامل ہیں۔ مسافر محمد احمد نے فلائٹ نمبر ایف زیڈ-326 کے ذریعے برونڈی جانے کی کوشش کی، تاہم تصدیق کے دوران اس کا ویزا جعلی نکلا جبکہ مسافر کے پاس مطلوبہ پروٹیکٹر کلیئرنس بھی موجود نہیں تھی۔
ایک اور کارروائی میں وہاڑی سے تعلق رکھنے والے مسافر محمد محسن کو غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش پر حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی جانچ پڑتال میں معلوم ہوا کہ مسافر کا سسٹم میں بیرونِ ملک جانے کا کوئی سفری ریکارڈ موجود نہیں تھا، جس پر مزید پوچھ گچھ کرنے پر اس نے اپنے غیر قانونی سفر کا اعتراف کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ دونوں مسافروں کو ابتدائی کارروائی کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

