لاہور : نویں جماعت کے نتائج میں سرکاری اسکول کے 61 فیصد طلبا کی ناکامی نے تدریسی معیار پر سوالات اٹھا دیے۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے نویں جماعت کے پہلے سالانہ نتائج جاری کر دیے ہیں۔
نتائج میں سرکاری اسکولوں کے طلبہ کی ناقص کارکردگی نے سرکاری تعلیمی نظام، تدریسی معیار اور اساتذہ کی جواب دہی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
سرکاری اسکولوں سے امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ میں سے صرف 39 فیصد کامیاب ہو سکے، جبکہ 61 فیصد طلبہ ناکام رہے۔
سرکاری اسکولوں میں لڑکوں کا نتیجہ سب سے زیادہ ناقص رہا، جہاں 72 فیصد لڑکے امتحان پاس کرنے میں ناکام رہے۔
سرکاری اسکولوں کی طالبات میں بھی ناکامی کا تناسب 52 فیصد رہا۔
اس کے برعکس نجی (پرائیویٹ) اسکولوں کے نتائج نمایاں طور پر بہتر رہے، جہاں 70 فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔
سرکاری اسکولوں کے کمزور نتائج نے محکمہ تعلیم پنجاب اور پالیسی سازوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، جس کے بعد اساتذہ کی تربیت، اسکولوں کی نگرانی اور تعلیمی ایمرجنسی جیسے اقدامات کی اشد ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

