وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم نے یقین دلایا ہے کوئی بھی مطالبہ ملک و عوام کے مفاد کے خلاف نہیں ہوگا۔
لاہور میں جماعت اسلامی وفد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں پٹرولیم لیوی کےمعاملے پرجو اقدام اٹھا سکتے ہیں اٹھائیں، حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنےکے لیے ہے، جماعت اسلامی سے درخواست کی ہے ماہرین کی ٹیم تشکیل دے کر مذاکرات کریں، قابل عمل تجاویز پرحکومت ضرور ریلیف فراہم کرے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم سب کے لیے پاکستان کا مفاد مقدم ہے، نہیں چاہتے ایسے حالات ہوں جس سے ملک دشمن فائدہ اٹھائیں، عوامی و سیاسی اجتماع کو تخریب کار اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سب کی کوشش ہونی چاہیے اندرونی معاملات پر کوئی مشکلات پیش نہ آئیں، حافظ نعیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہماری گفتگو سنی۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیں بہت اچھے انداز سے ویلکم کیا ہے، مہنگائی میں کمی اور عوام کے ریلیف پر حکومت کی بھی توجہ ہے، عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے یہاں بھی اثر پڑا، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئےحکومت نے اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم کہہ رہے ہیں ان کے پاس ایسی تجاویز ہیں کہ ریلیف کو مزید مؤثر بناسکیں، ہم ان کی تجاویز کا شکریہ ادا کیا ہے، اس سے پہلے بجلی سیکٹر میں ان کی تجاویز سے ہم نے فائدہ اٹھایا ہے۔

