لاہور : ہراسانی کیس میں مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی ثاقب چدھڑ کو ریلیف ملنے پر اداکارہ مومنہ اقبال نے تمام ثبوت سوشل میڈیا پر لانے کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی ثاقب چدھڑ کو ہراسانی کیس میں ریلیف ملنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہراسانی سے متعلق تمام ثبوت سوشل میڈیا پر سامنے لائیں گی۔
ایک انٹرویو میں مومنہ اقبال نے کہا کہ ہم پہلے دن سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ثاقب چدھڑ کو عہدے سے معطل کیا جائے تاکہ وہ اپنے وسائل استعمال کرکے ہمیں مبینہ طور پر ہراساں نہ کرسکیں۔
اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ ثاقب چدھڑ نے مبینہ طور پر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور ان کے گھر پر غنڈے بھیجے۔
مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ جس شخص پر ہراساں کرنے کا شبہ ہے، اس سے تاحال کوئی تفتیش نہیں کی گئی اور نہ ہی اس کی اہلیہ سے پوچھ گچھ ہوئی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ یہ کیس اس طرح چھوڑنے والی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ عدالت یا قانون کے بجائے سوشل میڈیا پر اپنے تمام ثبوت سامنے رکھیں گی، جس کے بعد عوام خود فیصلہ کریں گے۔
مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ اب تک کسی نے ان کی جانب کی کہانی نہیں سنی، وہ ہراسانی سے متعلق اپنی تمام تفصیلات اور ثبوت عوام کے سامنے رکھنا چاہتی ہیں۔

