تہران: ایران کی جانب سے خطے کے ممالک کو نیا انتباہ دیا گیا ہے کہ یا تو وہ امریکا کو نکال باہر کریں یا انھیں منہ توڑ جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی بریگیڈیئر جنرل یداللہ جوانی نے ایک بیان میں کہا کہ خطے کے ممالک کے لیے بہتر ہے کہ امریکی فوج کو نکال کر فوجی اڈوں کا کنٹرول خود سنبھالیں، کویت، بحرین، اردن یا کسی بھی ملک سے جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بریگیڈیئر جنرل جوانی نے کہا ایران کی مسلح افواج جارحیت کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دے رہی ہیں، ایران کے خلاف جارحیت کرنے والے ملک کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ادھر ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے ایک بیان میں کہا کہ دشمن کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر تہران کو دفاعی اور الیکٹرانک صلاحیتیں مزید مضبوط کرناہوں گی۔
انھوں نے کہا نئی ٹیکنالوجی تیار کرنا، دفاعی نظام کو جدید بنانا اور جنگی تیاری بڑھانا ناگزیر ہے، ریڈار، میزائل اور انٹیلی جنس نظام کو ایک دوسرے سے جوڑ کر ممکنہ خطرات کو بر وقت روکنا ضروری ہے۔
میجر جنرل علی کا کہنا تھا کہ باصلاحیت نوجوانوں کی مدد سے مسلح افواج کو جدید تربیت اور دفاعی صلاحیتوں سے لیس کیا جائے گا، اور فورسز کے درمیان تعاون بڑھا کر ہر قسم کے خطرے کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

