اسلام آباد (18 اگست 2026): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ بنوانے کے لیے ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا ہر شہری کو ہیپاٹائٹس سی کے لیے اسکریننگ کروانی ہوگی، اسکریننگ کے لیے ادارہ شماریات نے گیجٹ فراہم کر دیے ہیں، اور اسکریننگ کا ریکارڈ نادرا کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ وزارت صحت کے ملازمین کے لیے ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے اور ٹیسٹ نہ کرانے والے ملازم کی تنخواہ روک لی جائے گی۔ انھوں نے کہا وزرا سمیت تمام ملازمین کے لیے ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں، پی ایم ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت مریض کو 68 ہزار روپے کی دوا مفت ملے گی۔
اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ کے لیے 17 پوائنٹس قائم ہیں، نجی اسپتالوں کو بھی اسکریننگ کے لیے کٹس فراہم کی جائیں گی اور ملک بھر میں اسکریننگ کی جائے گی، سرکاری ملازمین کی اسکریننگ کے لیے تمام وزارتوں کو مراسلہ لکھ رہے ہیں۔

