اسلام آباد : لاہور کے علامہ اقبال اور کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق اہم منظوریاں دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین محمد علی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کی نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے کی اہم منظوری دے دی گئی۔
نجکاری کمیشن کے اعلامیے کے مطابق بورڈ نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق اہم امور کی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق ای پرتھینون کنسورشیم کو مسابقتی انتخابی عمل کے بعد دونوں ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے لیے سرفہرست مالیاتی مشیر قرار دیا گیا ہے۔ کنسورشیم کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکراتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔
دوسری جانب پی سی بورڈ نے لیسکو اور میپکو کی نجکاری کو بڑے لین دین قرار دیتے ہوئے دونوں کمپنیوں کے لیے مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ نجکاری کمیشن کے قواعد کے مطابق دونوں ڈسکوز کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر کی تقرری ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق منظوری کے بعد نجکاری کمیشن لیسکو اور میپکو کے لیے مالیاتی مشیر کی تقرری کا عمل شروع کرے گا۔
لیسکو اور میپکو نجکاری کے لیے منتخب کیے گئے ڈسکوز کا چوتھا بیچ ہیں، جبکہ پہلے تین بیچوں میں شامل ڈسکوز کی نجکاری کا عمل پہلے ہی جاری ہے۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے حکومت کے نجکاری پروگرام کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

