اسلام آباد (10 اگست 2026) حج اخراجات کی پہلی قسط کب اور دوسری کب وصول کی جائے گی وفاقی وزیر مذہبی امور نے تاریخ بتا دی۔
نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ حج کے پورے نظام کو اب مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔ عازمین حج کو بینکوں میں انتظار اور طویل قطاروں سے بچانا چاہتے ہیں، اور اب وہ گھر بیٹھے با آسانی اپنے حج درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
رواں سال 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین حج درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔ حج درخواستوں کی وصولی کے لیے نجی بینک کو آفیشل پارٹنر بنایا گیا ہے، اور ان کے ساتھ حج سروسز معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔ یہ نظام مکمل طور پر محفوظ اور خود کار ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ حج درخواستیں اور اخراجات کی پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع کی جائے گی جب کہ دوسرری قسط اکتوبر میں وصول کی جائے گی۔ شہری اب گھر بیٹھے با آسانی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
سردار محمد یوسف نے مزید بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کا مجموعی کوٹہ 1 لاکھ 7 ہزار 526 ہے جب کہ شارٹ حج کے لیے مجموعی طور پر 30 ہزار کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر عازمین کی درخواستیں وصول کی جائیں گی، اور کوٹہ مکمل ہوتے ہی حج درخواستوں کی وصولی فوری روک دی جائے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ نجی عازمین پاک حج ایپ کے ذریعے آپریٹر کا انتخاب اور ادائیگی کر سکیں گے۔ تاہم عازمین حج کسی بھی پرائیویٹ آپریٹر کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں۔
اس موقع پر نجی بینک کے نمائندہ اسد خان نے بتایا کہ عازمین حج کو بینک کی 1700 سے زائد برانچز پر خدمات دیں گے اور ان سے اسلامی بینکنگ کے تحت کوئی چارجز نہیں لیے جائیں گے۔

