کراچی (5 اگست 2026): سندھ کابینہ نے ایکسائز کی گاڑیوں کی رجسٹریشن ٹیکس اور انشورنس نظام میں اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔
نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکس اور انشورنس نظام میں اصلاحات اور آف روڈ، تباہ شدہ گاڑیوں کی ڈی رجسٹریشن پالیسی کی منظوری دیدی گئی۔
ایکسائز میں کی جانے والی اصلاحات کے مطابق اب تباہ یا ناقابل استعمال گاڑیوں کے مالکان 30 ستمبر 2026 تک درخواست دینے کے پابند ہونگے۔ جولائی 2010 سے ٹیکس ادا نہ کرنے اور اعلامیہ نہ دینے والی گاڑیوں کو آف روڈ تصور کیا جائیگا۔
غیر ادا شدہ واجبات رکھنے والی آف روڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن 30 روز بعد معطل اور مسلسل عدم ادائیگی پر 60 روز بعد مکمل منسوخ کر دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے گاڑیوں کے رجسٹریشن نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانے کی منظوری دی جب کہ لائسنس یافتہ موٹر ڈیلرز کیلیے ہولڈنگ پیریڈ ریلیف کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت موٹر ڈیلرز دوبارہ فروخت کے لیے حاصل کی گئی گاڑیاں رجسٹریشن کے بغیر رکھ سکیں گے۔
موٹر ڈیلرز کے لیے ابتدائی ہولڈنگ مدت 6 ماہ مقرر کی گئی ہے جب کہ دو مرتبہ 3، 3 ماہ کی توسیع ممکن ہوگی۔ تاہم موٹر ڈیلرز کیلیے گاڑی رکھنے کی مجموعی مدت 12 ماہ سے زیادہ نہیں ہوگی۔
سندھ کابینہ نے موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس سے متعلق اصلاحات بھی منظور کر لیں، جس کے تحت گاڑی کی ملکیت تبدیل ہونے پر بھی موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس مدت مکمل ہونے تک برقرار رہے گی۔ نئی پالیسی سے ایک ہی گاڑی کیلیے دوبارہ انشورنس کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔

