اسلام آباد : پاکستان میں بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ کے اجراء کے لیے یکساں اور جدید آن لائن سسٹم کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی، جس میں بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ کے اجراء کے لیے ایک ہی یکساں اور جدید آن لائن سسٹم کی باضابطہ منظوری دے دی۔
نئے ڈیجیٹل سسٹم کے تحت بیرونِ ملک سفر کا ارادہ رکھنے والے شہریوں کو بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ کا حصول انتہائی آسان اور شفاف بنایا گیا ہے۔
ماضی میں شہریوں کو پرمٹ کے لیے جن دفاتر کے چکر کاٹنے اور غیر ضروری تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اس قدم سے ان تمام رکاوٹوں کا خاتمہ ہوگا اور پروسیسنگ کا عمل مختصر ہو جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ ڈرائیونگ پرمٹ کے علاوہ دیگر ضروری قانونی سہولیات کو بھی ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب نیشنل پولیس بیورو اپنے اختصاصی آن لائن پورٹل کے ذریعے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کا اجراء بھی آن لائن کرے گا۔ اس سہولت کے بعد شہریوں کو کاغذی کارروائی کے لیے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور وہ اپنے گھر بیٹھے سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
وفاقی وزیر نے دورے کے دوران نیشنل پولیس بیورو کی عمارت میں جاری تجدید و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا اور حکام نے انہیں ادارے کی فعالیت اور ڈیجیٹل اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کو ایک متحرک اور فعال ادارہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
