ممبئی(28 جولائی 2026): معروف بھارتی ریپر بادشاہ کی اہلیہ ایشا رِکھی نے سوشل میڈیا پر ایک مبہم اور جذباتی پوسٹ شیئر کی ہے، جس کے بعد ان کی ازدواجی زندگی میں تناؤ اور علیحدگی کی افواہوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔
ایشا ریکھی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا “کچھ لڑکیاں ایسی جنگیں لڑتی ہیں جن کے کوئی ظاہری نشان باقی نہیں رہتے۔ طویل عرصے تک میں خاموش رہی کیونکہ میں خوف زدہ تھی۔
ایشا ریکھی نے لکھا کہ میں اپنے شوہر کے اثر و رسوخ، طاقت اور وسائل کے دباؤ تلے خود کو بے بس محسوس کرتی تھی، اور میں نے خود کو یقین دلایا کہ خاموشی ہی سب سے محفوظ راستہ ہے۔ لیکن یہ خاموشی کبھی بھی رضامندی نہیں تھی، بلکہ یہ میری بقا کی جنگ تھی۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید واضح کیا کہ اب وہ یہ ڈراما مزید جاری نہیں رکھ سکتیں کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔ اگرچہ انہوں نے اس بات کا انکشاف نہیں کیا کہ انہیں یہ پوسٹ لکھنے پر کس چیز نے مجبور کیا، تاہم انہوں نے یہ ضرور واضح کیا کہ اب وہ مزید خاموش نہیں رہیں گی۔
ایشا نے کہا آج میں خوف پر ہمت کو ترجیح دے رہی ہوں۔ شاید میں پوری کہانی سنانے کے لیے تیار نہ ہوں، لیکن اب میں یہ دکھاوا مزید جاری رکھنے کے لیے تیار نہیں ہوں کہ سب کچھ ٹھیک تھا۔
واضح رہے کہ چند دن پہلے بھی ایشا نے انسٹاگرام پر بادشاہ کے ساتھ کچھ تصاویر شیئر کی تھیں جن کے کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا ہر طوفان ایک سبق ہے، ہر دعا ایک امید ہے، ساتھ ہی انہوں نے ٹوٹے ہوئے دل اور ہاتھ جوڑنے والے ایموجیز کا استعمال بھی کیا تھا۔
ان کے اس پراسرار نوٹ نے مداحوں کو سوچ میں ڈال دیا تھا کہ آیا جوڑے کے درمیان راہیں جدا ہو چکی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بادشاہ اور ایشا ریکھی نے رواں سال کے شروع میں خاموشی سے شادی کی تھی، جس کا انکشاف مارچ 2026 میں اس وقت سامنے آیا جب ایشا کی والدہ نے ان کی شادی کی تصاویر آن لائن شیئر کیں۔
واضح رہے کہ ایشا بادشاہ کی دوسری اہلیہ ہیں۔ اس سے قبل بادشاہ کی شادی 2012 میں جیسمین مسیح کے ساتھ ہوئی تھی، تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور 2020 میں دونوں میں علیحدگی ہو گئی تھی۔
وہ فی الحال اپنی بیٹی جیسمی گریس مسیح سنگھ کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ اس مبہم پوسٹ پر بادشاہ کی جانب سے کیا ردعمل سامنے آتا ہے۔

