میرپور : آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، غیر سرکاری نتائج کے مطابق اب تک ن لیگ کے امیدوار آگے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں میرپور کے 13 حلقوں کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایل اے 10 کوٹلی 3 سے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین 12421ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ مسلم لیگ ن کے راجہ فاتح محمود 9063ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع میر پور کے 6 انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، ڈویژن میں ووٹنگ کے لیے 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے، میرپور میں 597، کوٹلی میں 1107اور بھمبر میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ میرپور ڈویژن میں پولنگ پانچ بجے ختم ہونا تھی، ووٹرز کے غیرمعمولی ٹرن آؤٹ کے باعث پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا گیا تھا۔۔
میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے کچھ حلقوں میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، آئی پی پی اور جماعت اسلامی میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ 6 حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت 126 امیدوار مدمقابل تھے۔

