کراچی: سوشل میڈیا پر زیرِ گردش گیس لوڈشیڈنگ کے نئے شیڈول کی اصل حقیقت سامنے آگئی ، سوئی سدرن گیس کمپنی نےشیڈول کو جعلی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے سوشل میڈیا پر گیس کی فراہمی کے حوالے سے وائرل ہونے والے شیڈول کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے ’جعلی‘ قرار دے دیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ گیس سپلائی کے اوقات کار سے متعلق ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش میسج میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اب سے صارفین کو روزانہ صرف مخصوص اوقات میں گیس ملے گی۔
شیڈول کے مطابق نصبح 5:30 سے 8:30 بجے ، دوپہر 11:30 سے 1:30 بجے اور شام میں 5:30 سے رات 8:30 بجے تک گیس کی فراہمی کی جائے گی، جس کے بعد صارفین، بالخصوص کراچی کے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی تھی۔
بعد ازاں سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان سلمان احمد صدیقی نے واضح کیا کہ وائرل ہونے والا یہ شیڈول “سراسر جعلی اور من گھڑت” ہے اور کمپنی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی تمام سرکاری نوٹیفیکیشنز اور اعلانات اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کرتی ہے۔
ایس ایس جی سی انتظامیہ نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کی افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے گیس کی فراہمی یا سروسز سے متعلق کسی بھی اپ ڈیٹ کے لیے صرف کمپنی کے آفیشل کمیونیکیشن چینلز اور تصدیق شدہ ذرائع پر ہی بھروسہ کریں۔

