تہر ان(23 جولائی 2026): ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے امریکا اور اس کے اتحادی کو خبردار کردیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی توانائی کی بنیادی تنصیبات پر کسی بھی حملے کی صورت میں خطے میں فوری اور سخت جوابی کارروائی کی جائے گی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے ایک پیغام میں بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے لکھا کہ اگر ایران کے پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے نتیجے میں خطے میں موجود امریکی فوج کے اتحادیوں اور میزبان ممالک میں بجلی کی بندش یقینی ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی تنصیبات کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کا فوری اور دندان شکن جواب دے گا۔
یرانی کمانڈر کا یہ سخت بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس انتباہ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنایا تو امریکا اس کے جواب میں ایران کا ایک پل یا ایک پاور پلانٹ تباہ کر دے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو ایران پر جہنم کے دروازے کھولنے کا حکم دیا۔ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے 3 روز قبل سینٹکام کو حکم جاری کیا، امریکی صدر نے تین روز پہلے کا بیان سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر آج دوبارہ جاری کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئےکہا ہے کہ ایران کو بڑی قیمت ادا کرنا پڑے گی، انہیں تباہ کیا جا رہا ہے، حملے جاری رہیں گے۔

