حیدرآباد : نسیم نگر میں خاتون کی اپنے نومولود بچے کو قتل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں نسیم نگر کے علاقے میں ایک افسوسناک اور لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا، جہاں ایک خاتون نے اپنے ہی نومولود بچے کو بے دردی سے قتل کرنے کی کوشش کی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کر کے اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
حیدرآباد پولیس نے بتایا یہ واقعہ نسیم نگر میں واقع ایک ہاسٹل میں پیش آیا،سنگدل خاتون نے نومولود بچے کا پہلے گلا گھونٹنے کی کوشش کی اور بعد ازاں اس پر چھری سے وار کیے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو حراست میں لے لیا ہے اور اس کے خلاف ارادہِ قتل کی دفعات کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ہاسٹل کے اسی کمرے یا مضافات میں مقیم خاتون کے ساتھ رہنے والی دوسری لڑکی کو بھی شاملِ تفتیش کیا گیا ہے تاکہ واقعے کے اصل محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے بچہ اس قاتلانہ حملے میں محفوظ رہا تاہم اسے شدید چوٹیں آئی ہیں، متاثرہ نومولود بچے کو فوری طور پر سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت چائلڈ وارڈ میں زیرِ علاج ہے اور ڈاکٹرز اسے طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔

