لاہور(18 جولائی 2026): غازی آباد میں بچے کو شور مچانے سے منع کرنے پر مسلح افراد نے شہری کے گھر پر حملہ کر دیا اور فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق متاثرہ خاندان نے گلی میں شور مچانے والے 10 سالہ بچے کو منع کیا تھا، جس پر بچہ اپنے بڑوں کو بلا لایا۔ ملزم احمد ولید نے آ کر جھگڑا شروع کر دیا، تاہم اہلخانہ کی مداخلت پر وہ اس وقت واپس چلا گیا۔
بعد میں ملزم احمد ولید نے اپنے دیگر 4 ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہری کے گھر پر دھاوا بول دیا، جہاں ملزمان نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور پھر شہری پر سیدھی گولیاں چلا دیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں ریان نامی شہری زخمی ہو گیا، جبکہ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں ملزمان کو گھر پر حملہ کرتے اور فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ شہری پر فائرنگ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

