ممبئی(18 جولائی 2026): بھارتی کرکٹ ٹیم کے دو سینئر کھلاڑیوں روہت شرما اور ویرات کوہلی کے مستقبل کے حوالے سے جاری بحث کے درمیان بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل بھی میدان میں آ گئی ہیں۔
درمیان بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے سوشل میڈیا پر دونوں سینئر کرکٹرز کے ساتھ حالیہ دنوں میں کیے جانے والے سلوک پر شدید ناراضگی اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
امیشا پٹیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ پیغام ان رپورٹس کے بعد شیئر کیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ لارڈز میں کھیلا گیا ون ڈے میچ روہت شرما کے کیریئر کا آخری ون ڈے انٹرنیشنل ہو سکتا ہے۔ ان خبروں نے بھارت کے تجربہ کار کھلاڑیوں کے مستقبل کے بارے میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ایک ایسا ٹویٹ جو بالی ووڈ سے متعلق نہیں ہے، میں گزشتہ کچھ عرصے سے یہ سب نوٹ کر رہی تھی، اس لیے آج ٹویٹ کرنے کا خیال آیا۔
A tweet not related to Bollywood.. been a while I have been noticing this so felt like tweeting today . SIMPLY shocked at the way senior super stars like Virat Kohli and Rohit sharma are treated in this cricketing era or should I say CRUEL CRICKETING ERA .. it’s a SHAME ..
— ameesha patel (@ameesha_patel) July 17, 2026
اداکارہ نے لکھا کہ میں اس بات پر شدید صدمے میں ہوں کہ کرکٹ کے موجودہ دور، یا یوں کہوں کہ ’کرکٹ کے اس بے رحم دور‘ میں ویرات کوہلی اور روہت شرما جیسے سینئر سپر اسٹارز کے ساتھ کیسا سلوک کیا جا رہا ہے، یہ انتہائی شرمناک ہے۔
امیشا پٹیل کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے حوالے سے روہت اور کوہلی کے مستقبل پر مسلسل سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اگرچہ دونوں کھلاڑی اس سے قبل چند انٹرنیشنل فارمیٹس سے ریٹائر ہو چکے ہیں، تاہم وہ ون ڈے کرکٹ کے لیے دستیاب ہیں۔
واضح رہےکہ حالیہ بھارتی رپورٹس میں یہ اشارہ دیا گیا تھا کہ بھارتی ٹیم مینجمنٹ اپنے طویل مدتی منصوبوں کے تحت اب نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر غور کر رہی ہے، جس کے باعث روہت شرما کا ون ڈے مستقبل غیر یقینی صورتحال کا شکار دکھائی دے رہا ہے۔
روہت شرما کو حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران بیٹنگ میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس نے ان کے انٹرنیشنل کیریئر کو جاری رکھنے کی افواہوں کو مزید ہوا دی۔
