• Home  
  • جامعہ کراچی میں ذہین اور مستحق طلبہ کی مالی معاونت، 5 کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان
- پاکستان

جامعہ کراچی میں ذہین اور مستحق طلبہ کی مالی معاونت، 5 کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان

کراچی: جامعہ کراچی میں طلبہ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی کے لیے جامع اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے، یونیورسٹی میں 5 کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا گیا۔ وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی کے مطابق فنڈ میں سے 2 کروڑ روپے کلیہ فنون و سماجی علوم میں داخلوں […]

جامعہ کراچی میں ذہین اور مستحق طلبہ کی مالی معاونت، 5 کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان

کراچی: جامعہ کراچی میں طلبہ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی کے لیے جامع اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے، یونیورسٹی میں 5 کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا گیا۔

وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی کے مطابق فنڈ میں سے 2 کروڑ روپے کلیہ فنون و سماجی علوم میں داخلوں کے فروغ جب کہ 3 کروڑ روپے مستحق اور ذہین طلبہ کی مالی معاونت کے لیے مختص ہوں گے۔

جامعہ کراچی میں منعقدہ تقریب میں 50 مستحق طلبہ میں 21 لاکھ روپے کے وظائف تقسیم کیے گئے، کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے 10 طلبہ کے لیے 13 لاکھ روپے کے میرٹ اسکالرشپس بھی دی گئیں۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ تعلیم کا فروغ، انسانی وسائل پر سرمایہ کاری اور اجتماعی جدوجہد معاشرتی ترقی کی بنیاد ہیں۔ انھوں نے جامعہ میں 5 کروڑ روپے مالیت کے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے ڈائریکٹر فنانس کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

مجوزہ انڈومنٹ فنڈ میں سے 2 کروڑ روپے کلیہ فنون و سماجی علوم میں داخلوں کے فروغ کے لیے مختص کیے جائیں گے، جب کہ باقی 3 کروڑ روپے مستحق اور ذہین طلبہ کی مالی معاونت پر خرچ کیے جائیں گے، تاکہ مالی مشکلات کے باعث ان کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

پیر کے روز جامعہ کراچی کے اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس (SFAO) اور یونیورسٹی آف کراچی المنائی ہیوسٹن ایسوسی ایشن (UKAHA)، امریکا کے اشتراک سے آڈیو ویژول سینٹر میں ایک تقریبِ تقسیمِ وظائف منعقد کی گئی تھی۔

ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ جامعہ کراچی کے نصاب کو صنعت، تجارت اور کاروباری شعبوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے گا، تاکہ طلبہ دورانِ تعلیم عملی تجربات، پیشہ ورانہ تربیت اور صنعتی اداروں کے ساتھ روابط کے ذریعے عملی زندگی کے تقاضوں سے بہتر طور پر ہم آہنگ ہو سکیں۔

انھوں نے بتایا کہ طلبہ میں کاروباری صلاحیتوں اور جدت طرازی کو فروغ دینے کے لیے ڈاکٹر محمود حسین لائبریری میں ابتدائی طور پر بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس مرکز کے ذریعے طلبہ کو اپنے کاروباری تصورات کو عملی شکل دینے، منصوبہ بندی کرنے اور اپنے منصوبے ممکنہ سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں گے۔

انچارج اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ذی اسما حنیف خان کے مطابق یونیورسٹی کے مختلف تدریسی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 50 مستحق اور باصلاحیت طلبہ میں میرٹ اور مالی ضرورت کی بنیاد پر مجموعی طور پر 21 لاکھ روپے کے وظائف تقسیم کیے گئے ہیں۔

یونیورسٹی آف کراچی المنائی ہیوسٹن ایسوسی ایشن امریکا کی جانب سے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے اعلیٰ کارکردگی کے حامل 10 طلبہ کو 13 لاکھ روپے کے میرٹ پر مبنی وظائف بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

یونیورسٹی آف کراچی المنائی ہیوسٹن ایسوسی ایشن کے صدر محمد اعظم اختر نے بتایا کہ 2008 میں ایسوسی ایشن کے قیام کا مقصد جامعہ سے تعلق برقرار رکھنے اور مستحق طلبہ کو مالی معاونت فراہم کرنا تھا۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.