لاہور : پنجاب حکومت نے افرادِ باہم معذوری اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے معذوری سرٹیفکیٹ کے حصول کا طریقہ کار مزید آسان بناتے ہوئے عوامی آگاہی مہم شروع کردی گئی ہے، جس کے تحت اب شہری گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب و چیئرپرسن کونسل آن دی رائٹس آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز سہیل شوکت بٹ کی ہدایات پر صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اور تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتالوں سمیت محکمہ سوشل ویلفیئر کے ضلعی دفاتر میں معذوری سرٹیفکیٹ کے حصول سے متعلق آگاہی پوسٹرز آویزاں کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ کے مطابق اس مہم کا مقصد افرادِ باہم معذوری اور ان کے اہلِ خانہ کو سرٹیفکیٹ کے حصول کے مختلف مراحل سے بروقت آگاہ کرنا اور انہیں درست طریقہ کار سے متعلق رہنمائی فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں غیر ضروری پریشانی اور بار بار اسپتالوں یا سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے بچایا جاسکے۔
نئے طریقہ کار کے تحت معذوری سرٹیفکیٹ کے لیے گھر بیٹھے آن لائن درخواست دی جاسکتی ہے۔ شہری متعلقہ پورٹل یا پی ڈبلیو ڈی سروس ایپ کے ذریعے درخواست جمع کراسکتے ہیں اور مطلوبہ دستاویزات بھی آن لائن اپ لوڈ کی جاسکتی ہیں۔
درخواست جمع ہونے کے بعد میڈیکل بورڈ کے معائنے کی تاریخ اور مقام سے متعلق درخواست گزار کو ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ مقررہ تاریخ پر درخواست گزار کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہوکر طبی معائنہ کرانا ہوگا۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق میڈیکل بورڈ کی جانب سے جانچ پڑتال اور منظوری کے بعد معذوری سرٹیفکیٹ جاری کردیا جائے گا، جبکہ سرٹیفکیٹ کے اجرا سے متعلق اطلاع بھی درخواست گزار کو ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
حکام نے افرادِ باہم معذوری اور ان کے اہلِ خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ دفاتر میں آویزاں آگاہی پوسٹرز سے رہنمائی حاصل کریں اور طریقہ کار سے متعلق مزید معلومات کے لیے پنجاب حکومت کی ہیلپ لائن 1312 پر رابطہ کریں۔

