گرفتار ملزمان کو پولیس مقابلوں میں ہلاک کرنے سے متعلق سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروا دیا گیا۔
سینیٹ میں نوٹس جےیوآئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سےجمع کرایا گیا جس میں کہا گیا ہے لائبہ خودکشی کیس اور بہاولپور واقعے کے ملزم کو پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا، زیرحراست ملزمان کی پولیس مقابلے میں ہلاکت انتظامی کمزوری کاواضح ثبوت ہے۔
متن میں کہا گیا کہ پولیس محکمے میں کرپشن، بدانتظامی اور عوام کے اعتماد کا فقدان ہے سینیٹ پولیس اصلاحات اور مقابلوں میں ملزمان کے قتل کے معاملے پر بحث کرے۔
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز سے لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے والا مرکزی ملزم نعمان نامعلوم افراد کی فائرنگ میں ہلاک ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ رمنا کی حدود میں پیش آیا، پولیس ٹیم زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر برآمدگی کیلیے اسے لے کر جا رہی تھی، اس دوران دو موٹرسائیکل پر سوار چار نامعلوم افراد نے نعمان کو چھڑانے کیلیے فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہوا اور بعد میں دم توڑ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی، ملزم نعمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پنجاب کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کا کہنا ہے کہ ملتان میں یتیم بچے وسیم عباس کو کار سے کچلنے والا ملزم توقیر نذیر مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔
سی سی ڈی کے مطابق ملزم توقیر نذیر نے گزشتہ روز ملتان میں یتیم بچے وسیم عباس کو اپنی گاڑی سے کچل کر قتل کر دیا تھا، اس ہولناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آئی تھیں۔
کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ملزم ریمانڈ پر تھا لیکن پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا، ملزم موٹر سائیکل پر جا رہا تھا جسے روکنے کی کوشش کی گئی۔ سی سی ڈی کے مطابق ناردرن بائی پاس پر پولیس نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی، لیکن ملزمان نے بھاگتے ہوئے فائرنگ کی۔
