ہوبے: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چین کے شہر ووہان کے ہانیانگ ڈسٹرکٹ میں ایچ بی ایس زیڈ کمپنی کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے کراچی میں کے فور پائپ لائن بچھانے اور سکھر بیراج کے گیٹس کی تبدیلی کے منصوبوں پر بات چیت کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے ایچ بی ایس زیڈ کمپنی کو کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے پائپ لائن بچھانے کی دعوت دی، اور چینی کمپنی نے کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے پائپ لائن بچھانے کا کام کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے 100 کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی، ہم شہر کو پانی کی فراہمی کا منصوبہ جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں، سندھ حکومت اس کا کام جلد از جلد شروع کرنے والی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ایچ بی ایس زیڈ کمپنی میں سکھر بیراج کے لیے تیار ہونے والے گیٹس کا معائنہ بھی کیا، اور کہا کہ سکھر بیراج سندھ کی معاشی شہ رگ ہے، 90 سال بعد سکھر بیراج کی بحالی سے پانی کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین میں سکھر بیراج کی بحالی اور جدید کاری کے لیے بڑے گیٹس تیار کیے جا رہے ہیں، ان میں سے ہر گیٹ کا وزن 50 ٹن سے زیادہ ہے، سکھر بیراج کی بہتری کے منصوبے پر چار سال سے عمل درآمد جاری ہے۔
جام خان شورو نے بتایا کہ سکھر بیراج کے 54 میں سے 44 گیٹس اور انھیں کھولنے کا نظام تبدیل کر کے فعال کر دیا گیا ہے، باقی 10 گیٹس تیار ہو کر جلد پاکستان منتقل کیے جائیں گے، چینی کمپنی کے تحت نہروں کے 110 گیٹس بھی تبدیل کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق بیراج کے ٹیل چینل کے علاوہ ڈریجنگ اور کھدائی مکمل ہو گئی ہے، سکھر بیراج کی بحالی اور جدید کاری کا منصوبہ 24 فروری 2023 کو شروع ہوا، اور اس کی تکمیل 30 جون 2027 تک ہوگی۔ اس منصوبے پر عالمی بینک، وفاق اور سندھ حکومت کی مالی معاونت سے کام ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ سکھر بیراج کی بحالی اور جدید کاری کا ٹھیکا سی آر بی سی اور ایچ بی ایس زیڈ کے مشترکہ منصوبے کو دیا گیا ہے۔

