اسلام آباد : ایئرپورٹس پر مسافروں کو بلاوجہ تنگ کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے فوری اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر مسافروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرتے ہوئے بلاوجہ پوچھ گچھ اور تنگ کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
انہوں نے سفری سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے سامان کی چیکنگ کے فرسودہ طریقہ کار کو ترک کر کے بین الاقوامی سطح کا خودکار نظام لانے کی منظور بھی دے دی ہے۔
کسٹمز حکام کے بجائے اب مسافروں کے سامان کی جانچ جدید اسمارٹ اسکینرز کے ذریعے کی جائے گی
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اسمارٹ اسکینرز کو فضائی راستے سے پاکستان لا کر تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر فوری طور پر نصب کیا جائے۔
ہوائی اڈوں پر تعینات دیگر اسٹاف کی بھی بین الاقوامی طرز پر تربیت کی جائے گی، جس میں سروس ڈیلیوری میں شائستگی اور انسانی احترام کو کلیدی جزو بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ٹیکس ادا کرنے والے کاروبار انتہائی قابلِ احترام ہیں، لیکن ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف ‘نو ٹالرینس’ پالیسی پر عمل پیرا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کسٹمز کی جانب سے انفورسمنٹ کے نئے نظام کی تعریف کرتے ہوئے اس کا سہرا چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کو دیا۔
وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ ہم غریب عوام کے پیسے کے امین ہیں اور اس کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قانونی و انتظامی اقدام کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں منعقدہ اس جائزہ اجلاس میں کسٹمز کی انفورسمنٹ فورس کی کارکردگی اور ہوائی اڈوں و بندرگاہوں پر سامان کی آمد و رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

