کولمبو(8 اکتوبر 2026): سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان دھنانجایا ڈی سلوا نے فوری طور پر ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دھنانجایا ڈی سلوا نے سلیکشن کمیٹی کو باضابطہ خط لکھ کر اپنے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
دھنانجایا ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ان کی ذاتی رائے میں اب قیادت کی ذمہ داری اگلی نسل کو منتقل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے کپتانی سے دستبردار ہونے کے باوجود ایک کھلاڑی کی حیثیت سے سری لنکا کی قومی ٹیم کے لیے اپنی نمائندگی جاری رکھنے کی مکمل تصدیق کی ہے۔
سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے دھنانجایا ڈی سلوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ ان کی خدمات کو سراہتا ہے اور ان کے مستقبل کے کیریئر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے، جبکہ ٹیم کو بطور کھلاڑی ان کی خدمات بدستور حاصل رہیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز شیڈول ہے، جس کا پہلا ٹیسٹ میچ 9 نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 17 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جانا ہے۔
پاکستان کے خلاف اس اہم ٹیسٹ سیریز کے لیے سری لنکا کرکٹ بورڈ کی جانب سے جلد نئے کپتان اور اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ اطلاعات کے مطابق کوشل مینڈس کو ٹیسٹ ٹیم کا عبوری کپتان بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔

