ڈی آئی خان(6 اکتوبر 2026): ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے دو علیحدہ واقعات میں چار کسٹمز اہلکاروں اور ایک ٹریفک پولیس اہلکار سمیت پانچ اہلکار شہید جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ قریشی موڑ کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے چار کسٹمز اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسرا واقعہ مفتی محمود چوک بائی پاس کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ہائی وے ٹریفک پولیس کی موبائل پر فائرنگ کر دی۔ اس حملے کے نتیجے میں موبائل کا ڈرائیور حبیب ولد سبز علی موقع پر ہی شہید ہو گیا جبکہ سبحان نامی پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی اہلکار کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او، ٹریفک ڈی ایس پی چن شاہ، ہیڈکوارٹر ڈی ایس پی انعام گنڈہ پور اور ایس پی سیکیورٹی مراد علی خان اسپتال پہنچ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں لرزہ خیز واقعات کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب، ڈی آئی خان میں گزشتہ تین روز سے معطل رہنے والی موبائل فون سروس بحال کر دی گئی ہے، جس کی بندش کے باعث شہریوں اور کاروباری حلقوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
موبائل سروس کی بندش اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات دوم بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ کنٹرولر امتحانات قیصر انور کے مطابق 7 سے 10 اکتوبر تک ہونے والے تمام پرچے اب نئے شیڈول کے تحت 12 اکتوبر سے لیے جائیں گے۔

