کراچی : (20ستمبر 2026) ایم کیوایم کے زیر اہتمام قومی مارچ ریلی کل عائشہ منزل سے مزار قائد تک نکالی جائے گی، متحدہ رہنماؤں نے انتظامات کاجائزہ لیا۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ضلع وسطی کے زیر اہتمام نئے صوبوں و انتظامی یونٹس کے قیام اور بااختیار بلدیاتی نظام کے مطالبات کے حق میں قومی مارچ ریلی کل 20 ستمبر بروز اتوار کو کراچی میں نکالی جائے گی۔
نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی مارچ ریلی اتوار کو شام 4 بجے عائشہ منزل سے شروع ہوکر مزار قائد تک جائے گی۔
متحدہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مارچ کا مقصد سندھ سمیت ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام اور بااختیار بلدیاتی نظام کے مطالبات کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنماؤں فاروق ستار، امین الحق نے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ عائشہ منزل پر انتظامات کا جائزہ لیا، نئے انتظامی یونٹس اور بااختیار بلدیاتی نظام کیلئے قومی مارچ ہوگا۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عوام کو بتانا ہے کہ اب نئے انتظامی یونٹس کتنے ضروری ہیں، ہمیں اب اسٹیٹس کو، سیاسی جمود اور جاگیردارانہ جمہوریت کا خاتمہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 18سال سے لوگوں کا جینا حرام کردیا گیا ہے، ان پر تعلیم، روزگار، صحت کے دروازے بند کردئیے گئے ہیں۔
فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بنانے والوں کی نسلوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، اب پورا ملک چیخ رہا ہے کہ انتظامی یونٹس بننے چاہیئں، اب جب موت کا ڈر لگا تو کہہ رہے ہیں بخار ہی دے دو۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ماؤں، بہنوں، طلبہ و طالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کے لیے قومی مارچ میں شریک ہوں۔ اس حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے’چلو چلو عائشہ منزل چلو‘ کا نعرہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

