ریاض: سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موبائل فون پر فضائی خطرے کا ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا۔
آج ہفتے کو علی الصبح جاری کیا گیا ہنگامی موبائل الرٹ جدہ، طائف، العلا، خميس مشيط اور ینبع سمیت دیگر علاقوں میں جاری ہوا، سعودی سول ڈیفنس نے ریاض اور الخرج میں بھی الرٹس فعال کر دیے۔
الرٹ پیغام میں شہریوں کو گھروں یا محفوظ مقامات پر رہنے، کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی، سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے شہریوں سے ہدایات پر عمل کرنے اور پر سکون رہنے کی اپیل بھی کی گئی۔
مملکت کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں میں شدت آنے کے بعد جاری کیے گئے الرٹ بعد ازاں واپس لیے گئے، اے ایف پی کے مطابق پہلا الرٹ مقامی وقت کے مطابق رات دو بج کر 58 منٹ پر جاری کیا گیا اور عینی شاہدین نے ریاض میں کم از کم دو دھماکے سننے کی اطلاع دی۔ چند منٹ بعد خطرہ ٹلنے کا اعلان کر دیا گیا۔
ریاض اور الخرج میں صبح پانچ بج کر 19 منٹ پر دوسری وارننگ جاری کی گئی، جب کہ سول ڈیفنس نے 10 منٹ سے زائد وقت گزرنے کے بعد خطرہ ٹلنے کا اعلان کیا۔

