حافظ آباد(14 ستمبر 2026): سالگرہ کی تقریب میں جانے والی خواتین کو ہراساں کرنے پر پولیس کانسٹیبل نے گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
حافظ آباد میں سالگرہ کے فنکشن پر جانے والی خواتین کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے خلاف لواحقین کے احتجاج کرنے پر ملزم نے اپنے پولیس کانسٹیبل بھائی کو بلا لیا۔
پولیس کانسٹیبل پر اپنی وردی اور اختیارات کا مبینہ ناجائز استعمال کرتے ہوئے گھر میں گھس کر خواتین اور اہل خانہ پر بہیمانہ تشدد کرنے کا الزام ہے۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) فواد احمد نے اس کا فوری نوٹس لے لیا۔
ڈی پی او کے نوٹس کے بعد محکمہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملوث کانسٹیبل کو معطل کر دیا ہے اور اس کے بھائی سمیت دونوں مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
