اسلام آباد : ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے وزارت صحت سے نادرا ویکسی نیشن کارڈ سے متعلق وضاحت مانگ لی اور کہا کیا بیرون ملک جانے والے ہر مسافر کو نادرا ویکسی نیشن کارڈ لینا ہوگا؟
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان کی جانب سے حج و عمرہ زائرین اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے نادرا ویکسی نیشن کارڈ کی شرط عائد کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات سامنے آنے لگے ہیں۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اس حوالے سے وفاقی حکومت کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں وزارتِ صحت اور نادرا سے پالیسی کی فوری وضاحت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ٹی اے اے پی نے مراسلے میں موقف اختیار کیا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر کے جاری کردہ حکم نامے سے شدید ابہام اور غلط فہمیاں پیدا ہوئی ہیں۔
ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا نادرا کا یہ ویکسی نیشن کارڈ صرف حج و عمرہ زائرین کے لیے لازمی ہوگا یا بیرون ملک سفر کرنے والے ہر مسافر کو اسے حاصل کرنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں : عمرہ زائرین کے بعد حاجیوں کیلیے بھی ویکسی نیشن لازم قرار
مراسلے میں صحت کے حوالے سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک ہی وقت میں چار مختلف ویکسینز لگانے سے مسافروں کی طبیعت ناساز ہو سکتی ہے، لہٰذا ویکسی نیشن کا عمل سفر سے کم از کم 6 سے 7 دن پہلے مکمل ہونا چاہیے۔
اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے تجویز کردہ بعض ویکسینز مارکیٹ میں بھی دستیاب نہیں ہیں، جس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت فوری طور پر مناسب مقدار میں ویکسینز کا انتظام کرے اور بالخصوص ویکسی نیشن سینٹرز قائم کرے۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ 14 ستمبر سے اس فیصلے پر یکدم عمل درآمد سے زائرین اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹی اے اے پی نے طالبہ کیا کہ حکومت 14 ستمبر سے نادرا ویکسی نیشن کارڈ کے اطلاق کا فیصلہ فی الحال مؤخر کرے، پالیسی اور اس کے دائرہ کار سے متعلق تمام ابہام فوری طور پر دور کیے جائیں اور تمام فریقین سے مشاورت کے بعد ہی نادرا ویکسی نیشن کارڈ کے لیے متفقہ ایس او پیز (SOPs) مرتب کیے جائیں۔
