اسلام آباد (4 ستمبر 2026): پاکستان سے لاکھوں افراد روزگار کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں تاہم وہاں جانے سے پہلے یہ ہدایات جان لیں۔
لاکھوں پاکستانی سعودی عرب میں بغرض ملازمت مقیم ہیں جب کہ ہزاروں اب بھی سعودی عرب میں ملازمت کے خواہاں ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اور جانے کے خواہشمند شہری پہلے یہ ہدایات جان لیں تاکہ انہیں کسی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق سعودی عرب ملازمت کے لیے جانے والے افراد اقامہ (رہائشی اجازت نامہ) ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں اور اقامہ کی میعاد ختم ہونے سے قبل اس کی تجدید کرا لیں۔ کام کی جگہ پر حفاظتی ساز وسامان لازمی پہنیں۔
پاکستانی شہری ماہانہ تنخواہ کی رسیدیں اور بینک اسٹیٹمنٹ محفوظ رکھیں، اختتامی گریجویٹی بینیفٹ کا حساب رکھیں اور صرف سرکاری چینلز سے ہی پاکستان میں اپنے پیاروں کو رقوم بھیجیں۔
ملازمت کے معاہدے کی کاپی اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ ہنگامی فنڈ کے طور پر ماہانہ آمدنی کا کچھ حصہ ضرور بچائیں اور سعودی عرب چھوڑنے سے قبل ایگزٹ کلیئرنس مکمل کریں۔
پاکستانی شہری سعودی عرب میں عوامی مقامات پر شائستہ اور ڈھکا ہوا لباس پہنیں اور مقدس مقامات و اسلامی شعائر کا احترام کریں
اس کے علاوہ وہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے یا قونصل خانے کا ہنگامی نمبر محفوظ رکھیں تاکہ ضرورت کے وقت رابطہ کیا جا سکے۔


