لاہور(2 ستمبر 2026): قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے انگلینڈ کیخلاف شکست کی ذمہ داری کپتان بابر اعظم اور کوچ سرفراز احمد پر ڈال دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی اور شکست کا ذمہ دار کپتان بابراعظم اور کوچ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کھلاڑی پرفارم نہ کریں تو دورہ ختم ہونے کا انتظار نہیں کیا جاتا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں بطور سلیکٹر ہماری ذمہ داری ہوتی ہیں اور ہم اسکواڈ کی ذمہ داری لینے کو تیار ہیں، لیکن دورے کے دوران جیسی ٹیم کمبی نیشن درکار ہوتی ہے وہ حاصل نہیں ہو پا رہی تھی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس صورتحال پر ان کی کپتان بابراعظم اور کوچ سے بھی بات چیت ہوئی تھی۔
عاقب جاوید نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ جب کوچ اور کپتان فیصلے کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں تو پھر کسی نہ کسی کو ایکشن لینا پڑتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا ہم پر اس لیے ہنس رہی ہے کیونکہ ٹیم میدان میں مقابلہ ہی نہیں کر پا رہی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان تبدیلیوں سے ٹیم کو یہ واضح پیغام جائے گا کہ سب کو پلاننگ کے مطابق اپنی پلیئنگ الیون کو درست کرنا ہوگا، کیونکہ کپتان، کوچ اور ٹیم مینجمنٹ کی بھی اہم ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔
عاقب جاوید نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ پوری پاکستانی کرکٹ ٹیم میں اس وقت بہت کم ایسے کھلاڑی موجود ہیں جنہیں ٹیم کی قیادت سونپی جا سکے۔

