لاہور(28 جولائی 2026): لاہور میں غلط معلومات کی بنیاد پر اعلیٰ سرکاری شخصیت کے بھائی کے گھر چھاپہ مارنے اور جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر ایس ایچ او سرور روڈ محمد عرفان سمیت 11 اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سرور روڈ نے ایس پی کینٹ کی اجازت سے گھر پر چھاپہ مارا تھا اور چھاپہ مارنے کے بعد مبینہ طور پر غلط مقدمہ بھی درج کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جھوٹا مقدمہ درج کرنے اور اختیارات کے غلط استعمال پر ایس ایچ او عرفان سمیت تمام ملوث اہلکاروں کے خلاف سب انسپکٹر مشتاق کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او عرفان، تھانیدار اور دیگر معطل اہلکاروں کو چارج شیٹ بھی کر دیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

