اسلام آباد : وفاقی حکومت نے نئے مالی سال میں بھی کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، جو تمام وفاقی محکموں، خود مختار اداروں اور ریگولیٹری اتھارٹیز پر لاگو ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران بھی کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے کفایت شعاری اقدامات تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، خودمختار اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز، سرکاری ملکیتی اداروں اور اسٹیچوٹری باڈیز پر لازمی طور پر نافذ ہوں گے۔
وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ کفایت شعاری اقدامات وفاقی حکومت کی لازمی ہدایات تصور کیے جائیں گے، جن پر تمام متعلقہ اداروں کو عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہنا تھا کہ کفایت شعاری کمیٹی کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ ٹھوس وجوہات کی بنیاد پر کسی بھی معاملے میں کیس ٹو کیس بنیاد پر رعایت دے سکے۔
وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کریں تاکہ سرکاری اخراجات کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے۔

