نیویارک(22 جولائی 2026): عالمی سطح پر مشہور یوٹیوب اسٹار ’مسٹر بیسٹ‘ جیمز ڈونلڈسن باقاعدہ طور پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔
مسٹر بیسٹ نے منگل 21 جولائی کو اپنی دیرینہ دوست تھیایا بوئس کے ساتھ شادی کا اچانک اعلان کر کے اپنے کروڑوں مداحوں کو سرپرائز دے دیا۔ مسٹر بیسٹ نے ساحل سمندر پر ہونے والی اس خوبصورت تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’مجھے مسز بیسٹ‘‘ مل گئی ہیں اور یہ میری زندگی کا بہترین دن تھا۔
دوسری جانب ان کی اہلیہ تھیایا نے بھی اپنے انسٹاگرام پروفائل کا نام تبدیل کر کے تھیایا ڈونلڈسن کر لیا ہے اور وہی تصاویر شیئر کی ہیں۔
28 سالہ مسٹر بیسٹ نے تقریب کے لیے وائٹ بليزر اور بلیک پینٹ کا انتخاب کیا جبکہ 27 سالہ تھیایا سفید رنگ کے عروسی لباس میں انتہائی خوبصورت دکھائی دیں۔
اس سے قبل 11 جولائی کو مسٹر بیسٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو اپ لوڈ نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے مذاقاً لکھا تھا کہ آج کوئی ویڈیو اپ لوڈ نہیں ہو رہی، ہو سکتا ہے میں شادی کر رہا ہوں اور تھوڑا مصروف ہوں، جس کے بعد مداحوں میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں جو اب سچ ثابت ہو چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس جوڑے کی پہلی ملاقات 2022 میں ایک مشترکہ دوست کے عشائیے پر ہوئی تھی جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا۔
مسٹر بیسٹ نے 2024 میں کرسمس کے موقع پر تھیایا کو پروپوز کیا تھا، جبکہ شادی سے چند روز قبل تھیایا نے اٹلی میں اپنی بیچلریٹ پارٹی کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔

