کراچی (15 جولائی 2026): عمرہ ویزا پر سعودی عرب جانے والی خاتون کو آف لوڈ کیا گیا تو تحقیقات میں نا قابل یقین سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے والی خاتون کو انسانی اسمگلنگ کے شبے میں آف لوڈ کیا گیا تو اس نے تحقیقات چونکا دینے والی سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دوران امیگریشن کلیئرنس خاتون کو مشکوک سفری معلومات پر جانچ پڑتال کے لیے روکا گیا اور جب اس سے تفتیش کی گئی تو خاتون نے یہ شرمناک اعتراف کیا کہ وہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کے لیے سعودی عرب جا رہی تھی۔
ملزمہ نے بتایا کہ وہ اس سے قبل بھی دو بار سعودی عرب جا کر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث رہی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے عوض اس کو ہر ماہ ڈیڑھ لاکھ روپے معاوضہ دیا جاتا تھا۔
ملزمہ نے یہ بھی بتایا کہ اس کے سابقہ سفری انتظامات سعودی عرب میں مقیم ذیشان اور مانی نامی شخص نے کیے تھے جب کہ موجودہ سفر کے تمام انتظامات الیاس نے کیے ہیں اور وہ اس مرتبہ کسی ایجنٹ کے بجائے خود کام کرنے کا ارادہ رکھتی تھی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خاتون کے موبائل سے مشکوک وائس میسجز اور تصاویر بھی برآمد کر لی گئیں، اور اس کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
