کیا آپ جانتے ہیں کہ وزن کم کرنے کے لیے چاول چھوڑنا ضروری نہیں ہے؟ ماہرین نے وزن بڑھائے بغیر چاول کھانے کا طریقہ بتا دیا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے سفر میں چاولوں کو غذا سے مکمل طور پر خارج کرنا ضروری نہیں ہے۔ کلینیکل نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر رینوکا مائنڈے کے مطابق، چاول صدیوں سے روایتی غذا کا ایک اہم حصہ رہے ہیں اور اگر انہیں مناسب و متوازن مقدار میں کھایا جائے تو یہ ایک صحت مند طرزِ زندگی کا حصہ بن سکتے ہیں۔
ان کا مشورہ ہے کہ کسی بھی بنیادی غذا کو بالکل ترک کرنے کے بجائے متوازن خوراک کا انتخاب کیا جائے، جو جسم کو ضروری توانائی، وٹامنز اور معدنیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مدافعتی نظام کو بھی مضبوط بناتی ہے۔
چاول دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا اناج ہے جو جسم کو 15 سے زائد ضروری غذائی اجزا فراہم کرتا ہے۔ ان میں کاربوہائیڈریٹس کے علاوہ وٹامن بی 6، تھایامین، نیاسین، میگنیشیم، فاسفورس اور سیلینیم شامل ہیں۔
ڈاکٹر رینوکا کے مطابق، چاول میں موجود پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس آہستہ آہستہ ہضم ہوتے ہیں، جس سے جسم کو دیر تک اور مسلسل توانائی ملتی رہتی ہے اور بار بار بھوک نہیں لگتی۔
اس کے علاوہ، چاول قدرتی طور پر گلوٹن فری ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ ان لوگوں کے لیے بہترین متبادل ہیں جنہیں گندم یا جَو وغیرہ سے الرجی یا ہاضمے کے مسائل ہوتے ہیں۔ چاول ایک سستی، آسان اور ہر جگہ دستیاب غذا ہے، تاہم اسے صحت بخش بنانے کے لیے دال، سبزیوں اور پروٹین کے ساتھ ملا کر کھانا ضروری ہے۔
مقدار کا تعین اور پلیٹ میتھڈ
ایک وقت میں پکے ہوئے چاولوں کی مقدار آدھے کپ سے ایک کپ تک محدود رکھیں۔ بڑی پلیٹ کے بجائے چھوٹے پیالے کا استعمال کریں۔ اپنی پلیٹ کو اس طرح ترتیب دیں کہ اس کا آدھا حصہ فائبر سے بھرپور سبزیوں، ایک چوتھائی حصہ کم چکنائی والے پروٹین (جیسے مچھلی، چکن، انڈا یا دالیں) اور صرف ایک چوتھائی حصہ چاولوں کے لیے ہو۔
کُک اینڈ کول طریقہ
چاولوں کو پکانے کے بعد 12 سے 24 گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس طریقے سے چاول کا نشاستہ ریزسٹنٹ اسٹارچ میں تبدیل ہو جاتا ہے جو آہستہ ہضم ہوتا ہے اور وزن کنٹرول رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ ان چاولوں کو بعد میں دوبارہ گرم کر کے کھایا جا سکتا ہے۔
بہتر اقسام کا انتخاب
جہاں تک ممکن ہو، وائٹ رائس کے بجائے براؤن، ریڈ یا بلیک رائس کا انتخاب کریں کیونکہ یہ کم ریفائنڈ ہوتے ہیں اور ان کے استعمال سے دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس ہوتا ہے۔
پکانے کا طریقہ
وزن پر قابو رکھنے کے لیے فرائیڈ رائس یا زیادہ تیل، گھی اور بھاری گریوی والے چاولوں کے مقابلے میں ابلے ہوئے یا بھاپ میں پکے ہوئے چاولوں کو ترجیح دیں۔
