کراچی : شہریوں کو سرکاری نوکری کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا کے پی ٹی ملازم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تھانہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تفتیشی ٹیم نے شہریوں کو سرکاری نوکری کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے کے پی ٹی کے ایک ملازم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت فراز آصف خان کے نام سے ہوئی، جو کے پی ٹی میں بطور کلرک تعینات ہے۔
ملزم کے قبضے سے بڑی تعداد میں جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز، سروس کارڈز، میڈیکل لیٹرز، شناختی کارڈز اور دیگر سرکاری دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ محمد سعد نامی شخص کے خلاف جعلی دستاویزات کے استعمال پر تھانہ کراچی پورٹ ٹرسٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ جعلسازی میں کے پی ٹی کا ملازم بھی ملوث ہے، جسے نامزد کر کے گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا ابتدائی تحقیقات کے مطابق کلرک کے ساتھ ایک منظم نیٹ ورک بھی سرگرم تھا، جو سرکاری نوکری دلانے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کر چکا ہے تاہم نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
